9 مئی واقعات کے کرداروں کی قرارواقعی سزا، پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

9 مئی واقعات کے کرداروں کی قرارواقعی سزا، پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
کیپشن: 9th May Incidents resolution for the punishment of the characters, resolution submitted in the Punjab Assembly

ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی میں 9 مئی کی بازگشت سنی گئی ہے۔ حکومتی بنچ معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق سانحہ 9 مئی 2023 کے کرداروں کو فوری قرار واقعی سزا دلانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کروادی گئی ہے۔ قرارداد پنجاب اسمبلی میں استحکام پاکستان پارٹی کے ممبر پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے جمع کروائی ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ، منصوبہ سازوں اور ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے۔ فوجی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی اور منفی پراپیگنڈہ کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

متن میں مزید کہا گیا ہے کہ 9 مئی کا دن المناک، افسوسناک، دلخراش، ناقابل فراموش سانحہ اور سیاہ ترین باب ہے۔ ریاست، ملکی سلامتی، اعلیٰ عدلیہ اور اداروں کے خلاف گھناؤنی سازش بے نقاب ہوگئی۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال بگاڑنے اور عوام اور اداروں میں تصادم کرانے والوں کوسزا ملنی چاہیے۔ جناح ہاؤس اور دیگر شہروں میں تباہی پھیلانے والوں کو جلدازجلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ 

شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ قوم ملکی سلامتی، معیشت کی ترقی اور اداروں کے تقدس کیلئے فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پنجاب اسمبلی کا ایوان دعا گو ہے کہ آئندہ کبھی بھی 9مئی 2023جیسا سانحہ رونما نہ ہو۔ 

قرارداد میں 9مئی کو تباہی پھیلانے کیلئے مخصوص ذہن سازی او ر شرپسندوں کی سوچی سمجھی سازش قرار دیا گیا۔

Watch Live Public News