وزیراعظم کا چاروں وزرائے اعلیٰ کو فون، عیدالاضحیٰ کی مبارکباد

وزیراعظم کا چاروں وزرائے اعلیٰ کو فون، عیدالاضحیٰ کی مبارکباد
کیپشن: وزیراعظم کا چاروں وزرائے اعلیٰ کو فون، عیدالاضحیٰ کی مبارکباد

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے چاروں وزرائے اعلیٰ کو فون کرکے عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی۔

تفصیلات کے مطابق پی ایم آفس کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وزیراعلیٰ سندھ سيد مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو  ٹیلیفون کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی۔

فون پر گفتگو میں چاروں وزرائے اعلیٰ نے وزیر اعظم  شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بھی عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی۔  انہوں نے وزیر اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری کو  بھی ٹیلیفون پر عید الاضحیٰ کی مبارک باد دی  تھی۔ اس موقع صدر زرداری نے وزیر اعظم  کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور مختلف امور پر گفتگو بھی کی گئی۔

گورنرز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار
وزیراعظم نے گورنرز کو بھی عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک کا خواہشات کا اظہار کیا، وزیراعظم نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، تمام رہنماؤں نے بھی وزیراعظم کو مبارکباد دی اور شکریہ ادا کیا۔

 عمان کے سلطان کو فون، غزہ کے لیے دعا
عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سلطنت عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، سلطان اور عمان کے عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی۔

دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کے لیے دعا کی، انہوں نے غزہ کے عوام کے لیے خصوصی دعا بھی کی، وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ بحران کے دوران عمان کے موقف پر سلطان کا شکریہ ادا کیا اور کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے لیے ان کی حمایت کو سراہا۔

پاکستان اور عمان کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے سلطنت عمان کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، وزیر اعظم نے عمان کے سلطان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔

عمان کے سلطان ہیثم نے دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم کو بھی عمان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی، دونوں دورے باہمی طور پر سفارتی ذرائع سے مناسب تاریخوں پر ہوں گے۔

Watch Live Public News