گرمی کی لہر برقرار، بعض مقامات پر بادل برسنے کا امکان

گرمی کی لہر برقرار، بعض مقامات پر بادل برسنے کا امکان
کیپشن: گرمی کی لہر برقرار، بعض مقامات پر بادل برسنے کا امکان

ویب ڈیسک: ملک بھر میں آج بھی موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے تاہم بعض مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ اسلام آباد اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جبکہ میدانی اضلاع میں دوپہر کے بعد گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

اس کے علاہ خیبر پختونخوا ، سندھ اور کشمیر میں بھی گرمی کی لہر برقرار رہے گی تاہم خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، چترال، کوہستان ، شانگلہ اور بٹگرام میں گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح پشاور میں درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ گزشتہ روز شہر کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں گرمی کی شدت اس سے بھی زیادہ رہی، جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز پشاور میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ ہنگو، پاراچنار اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود اور چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

  موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں سمندری ہواؤں کے باوجود آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی اور ہواؤں کی رفتار 20 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔گزشتہ روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 50 سے 75 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ نمی کے باعث گرمی کی شدت مزید بڑھ جاتی ہے، جو شہریوں کے لیے غیر آرام دہ حالات پیدا کر سکتی ہے۔

موسم کی شدت کے پیش نظر شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔

Watch Live Public News