ویب ڈیسک: کراچی اور بلوچستان کے ساحلی شہر اورماڑہ میں اتوار کو زلزلے کے ہلکے جھٹکوں نے شہریوں کو خوفزدہ کر دیا، تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں شام کے وقت زمین لرز اٹھی۔ زلزلے کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز زمین کے 9 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
دوسری جانب بلوچستان کے شہر اورماڑہ میں بھی شام 5 بج کر 14 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اورماڑہ میں زلزلے کی شدت 3.1 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ مرکز اورماڑہ سے 118 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا۔
ضلعی انتظامیہ مکران کے مطابق دونوں علاقوں میں زلزلے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، تاہم احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساحلی اور پہاڑی علاقے زلزلہ زدہ زون میں آتے ہیں، اس لیے شہریوں کو زلزلے کی صورت میں فوری حفاظتی اقدامات اختیار کرنے چاہییں۔