ویب ڈیسک: سام سنگ کے آئندہ اسمارٹ فون گلیکسی اے 27 سے متعلق نئی لیک میں ڈیوائس کا ایک اور رنگ سامنے آ گیا ہے، جسے ممکنہ طور پر "آسم منٹ" (Awesome Mint) کے نام سے متعارف کرایا جائے گا۔
اس سے قبل لیک ہونے والی رینڈر تصاویر میں فون کو تین مختلف رنگوں میں دکھایا گیا تھا، جبکہ تازہ تصاویر ایک ریٹیل لسٹنگ میں سامنے آئیں، جہاں ڈیوائس کو نئے سبز مائل رنگ میں دیکھا گیا۔
اگرچہ سام سنگ نے ابھی تک گلیکسی اے 27 کی لانچ تاریخ یا باضابطہ تفصیلات کا اعلان نہیں کیا، تاہم رپورٹس کے مطابق یہ اسمارٹ فون 2026 کی دوسری ششماہی میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
لیک شدہ معلومات کے مطابق گلیکسی اے 27 میں کوالکوم اسنیپ ڈریگن 6 جین 3 پروسیسر دیا جائے گا، جبکہ صارفین کو 8 جی بی ریم اور 256 جی بی تک اسٹوریج کے آپشنز دستیاب ہوں گے۔ فون اینڈرائیڈ 16 پر مبنی ون یو آئی 8.5 کے ساتھ آنے کا امکان ہے۔
متوقع فیچرز میں 6.7 انچ کا فل ایچ ڈی پلس ڈسپلے، 50 میگا پکسل مین کیمرہ اور 5000 ایم اے ایچ بیٹری شامل ہیں، جو روزمرہ استعمال کے لیے طویل بیک اپ فراہم کر سکتی ہے۔
تاہم ان تمام تفصیلات کی تصدیق سام سنگ کے باضابطہ اعلان کے بعد ہی ہو سکے گی۔