(ویب ڈیسک) وزیر اعلی مریم نواز کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپس پر عوام کو لائنوں میں نہ لگنا پڑے، پنجاب بھر میں مقررہ نرخ سے زائد پٹرولیم مصنوعات بیچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی۔ملاقات میں جنگ کی وجہ سے پیداہونے والی صورتحال پر غور کیاگیا۔
پنجاب میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی، ڈیمانڈ اور ذخائر کاجائزہ لیاگیا۔جنگ کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد میں توازن کے لئے بچت پالیسی پر اتفاق کیاگیا۔
وزیراعلی مریم نواز نے زرعی استعمال کے لئے ڈیز ل کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی مانیٹرنگ پر اتفاق کیا گیااور وزیراعلی مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے پر سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت کی ہے ۔ضلعی انتظامیہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کی مسلسل مانیٹرنگ کا حکم دیاہے۔پیرا اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو صورتحال کی نگرانی اور کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلی مریم نواز نے ہدایت کی کہ پیٹرول پمپس پر عوام کو لائنوں میں نہ لگنا پڑے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں مقررہ نرخ سے زائد پٹرولیم مصنوعات بیچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری قوم کو ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔معاشی تحفظ کے لئے فوری فیصلے ناگزیر ہیں۔
اجلاس میں پٹرول، ڈیزل، ایل این جی اور دیگر ذخائر کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بتایاگیا کہ عالمی بحران کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت کے لئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔