وزیراعظم اپنا گھر پروگرام: 1845 افراد کو 5 ارب روپے سے زائد کے رعایتی قرضے جاری

وزیراعظم اپنا گھر پروگرام: 1845 افراد کو 5 ارب روپے سے زائد کے رعایتی قرضے جاری
کیپشن: وزیراعظم اپنا گھر پروگرام: 1845 افراد کو 5 ارب روپے سے زائد کے رعایتی قرضے جاری

ویب ڈیسک: وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 1845 افراد کو 5 ارب روپے سے زائد کے رعایتی ہاؤسنگ قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ چار برسوں میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے رعایتی قرضے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی 25,304 درخواستوں میں سے 8,990 منظور ہو چکی ہیں، جن کی مجموعی مالیت 37 ارب روپے سے زائد ہے۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور سیکرٹری قانون و انصاف نے کمیٹی کو پروگرام کے نفاذ کے فریم ورک اور ہاؤسنگ فنانس و فورکلوژر قوانین میں مجوزہ اصلاحات پر بریفنگ دی۔

سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے مطابق یہ پروگرام ایک سبسڈی شدہ ہاؤسنگ فنانس اسکیم ہے، جس کے تحت پہلی بار گھر خریدنے والے افراد کو ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس قرض پر 5 فیصد مارک اپ لاگو ہے، ادائیگی کی مدت 20 سال ہے جبکہ فنانسنگ کا تناسب 90:10 رکھا گیا ہے۔

وزارت ہاؤسنگ نے بتایا کہ بینکوں کے خدشات کم کرنے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور مارگیج فنانس کے شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے فورکلوژر اور ریکوری قوانین میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔

کمیٹی ارکان نے کہا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ فنانس کا شعبہ اب بھی غیر ترقی یافتہ ہے، جس کے لیے ساختی اصلاحات، مضبوط قانونی فریم ورک اور بہتر ریگولیٹری ماحول کی ضرورت ہے تاکہ بینک اور مالی ادارے اس شعبے میں زیادہ سرمایہ کاری کر سکیں۔

Watch Live Public News