ویب ڈیسک: وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ یا کمی سے متعلق حتمی فیصلہ وزارتِ پٹرولیم کرے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیرِ خزانہ نے واضح کیا کہ حکومت عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے اثرات کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان عالمی اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
محمد اورنگزیب نے عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی ریلیف کے مختلف اقدامات پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور ملکی معاشی صورتحال میں بہتری لانے کے لیے ٹھوس اقدامات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ معاشی استحکام کے فوائد عام آدمی تک پہنچیں۔
واضح رہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے عوام میں بے چینی پائی جا رہی ہے، اور اب تمام نظریں وزارتِ پٹرولیم کے آئندہ اعلان پر مرکوز ہیں۔