ویب ڈیسک: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے شمالی وزیرستان اور خوست کے متاثرہ خاندانوں کے لیے کروڑوں روپے کی مالی امداد جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مراسلے کے مطابق جولائی اور اگست 2025 کے بقایا جات کی مد میں مجموعی طور پر 17 ہزار 788 متاثرہ خاندانوں کو نقد امداد اور فوڈ راشن فراہم کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے 71 کروڑ 86 لاکھ 35 ہزار 200 روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ہر خاندان کو ماہانہ 12 ہزار 120 روپے نقد دیے جائیں گے، جبکہ اس کے علاوہ 8 ہزار روپے مالیت کا ماہانہ فوڈ راشن بھی فراہم کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق امدادی رقوم موبائل سمز کے ذریعے منتقل کی جائیں گی تاکہ فنڈز کی شفاف اور براہِ راست ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ امدادی فنڈز کی تقسیم کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ رقم صرف جولائی اور اگست 2025 کے لیے مختص ہے، جبکہ غیر تقسیم شدہ رقم اور سروس چارجز 60 روز کے اندر واپس جمع کروانا ہوں گے۔
حکام کو امدادی عمل کا مکمل ریکارڈ اور آڈٹ تفصیلات پی ڈی ایم اے کو فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد متاثرہ خاندانوں کی معاشی مشکلات کم کرنا اور انہیں بروقت بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔