ویب ڈیسک : لارنس بشنوئی پر گانا کیوں لکھا؟ بالی وڈ ٹاپ اسٹار سلمان خان کو گینگ کی جانب سے ایک اور دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا ہے ۔
لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی ملنے کے دو دن بعد، اداکار سلمان خان کو جمعرات، 7 نومبر کو ایک اور دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ممبئی میں ورلی پولیس نے ایک نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق اداکار سلمان خان کے لیے کل رات ممبئی کے ٹریفک کنٹرول روم میں ایک دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا۔
پیغام میں بالی ووڈ اسٹار سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
لارنس بشنوئی گینگ کے مبینہ ارکان نے لارنس بشنوئی پر گانا لکھنے والے نغمہ نگار کو ایک ماہ میں قتل کرنے کی دھمکی بھی دی اور کہا کہ جو بھی سلمان خان کی حمایت کرے گا اسے ختم کر دیا جائے گا۔ بشنوئی گینگ نے سلمان خان سے کہا ہےکہ اگر دم ہے تو گانے کے مصنف کو بچا کردکھائے۔
اس سے قبل، 5 نومبر کو، ممبئی پولیس کو ایک دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا تھا جس میں اداکار سلمان خان کو نشانہ بنایا گیا تھا، جو مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے تھا۔ تاہم کرائمز برانچ نے تفتیش کے بعد راجستھان سے تعلق رکھنے والے ایک 32 سالہ شخص کو کرناٹک سے گرفتار کرکے مہاراشٹر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ملزم کی شناخت بھیکھا رام کے نام سے ہوئی ہے جسے وکرم کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، راجستھان کے علاقہ جلور کا رہنے والا ہے۔ وہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والا مزدور ہے اور اسکا دعویٰ ہے کہ کہ وہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کا مداح ہے۔
یادرہے سلمان فی الحال بگ باس 18 اور اپنی اگلی فلم سکندر کے لیے شوٹنگ کر رہے ہیں۔