(ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پیس کیپنگ ٹریننگ سینٹر کی 28ویں سالانہ کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اختتامی تقریب نسٹ کے سنٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ سٹیبلیٹی میں منعقد ہوئی، اختتامی تقریب کی صدارت سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ ریٹائرڈ جنرل محمد علی نے کی ۔انہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر شرکاء اور منتظمین سے اظہار تشکر کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اختتامی سیشن میں، مندوبین نے کانفرنس کی سفارشات اور تجاویز پر روشنی ڈالی، شرکاء نے تربیت کے جدید طریقہ کار، ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے امن کے قیام میں خواتین کی شرکت کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر توجہ مرکوز کرنے کا عزم کیا۔ کانفرنس نے قیام امن کے لیے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سینٹر کے سابق صدر کینئا کے بریگیڈیئر جنرل جوائس (کینیا) نے باضابطہ طور پر صدارت پرنسپل نسٹ سینٹر راجہ آفتاب خان کو سونپی، شرکاء نے پرتپاک میزبانی، تعاون اور عالمی امن کے لیے مسلسل کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔