مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ مشکل میں پھنس گئے، بڑا الزام لگ گیا

 مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ مشکل میں پھنس گئے، بڑا الزام لگ گیا

ویب ڈیسک: کیلیفورنیا کے شہر پالو آلٹو میں میٹا کے بانی اور سی ای او مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ پرسیلا چان کو اپنے گھر سے بغیر لائسنس اسکول چلانے کے الزام پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔

امریکی جریدے  کی ایک رپورٹ کے مطابق مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ نے 2021 کے آس پاس اپنے خاندان کے کمپاؤنڈ میں ایک اسکول قائم کیا تھا جس میں تقریباً 30 طلبہ زیر تعلیم تھے، تاہم اسکول کو 2022 تک باضابطہ اجازت نامہ نہیں مل سکا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زکربرگ کے پڑوسیوں نے شور شرابے، تعمیراتی سرگرمیوں، نجی سکیورٹی کی موجودگی اور عملے کے باعث ٹریفک و پارکنگ کے مسائل پر متعدد شکایات درج کروائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کی انتظامیہ زکربرگ خاندان کو خصوصی رعایت دے رہی ہے۔

پڑوسیوں کی جانب سے ایک ای میل میں کہا گیا کہ حیرت ہے کہ شہر کے حکام ایک ارب پتی خاندان کی سہولت کے لیے سرگرم ہیں جبکہ باقی پڑوس کو اندھیرے میں رکھا جا رہا ہے۔

زکربرگ فیملی کے ترجمان نے وضاحت کی کہ اسکول بند نہیں ہوا بلکہ کسی اور مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

پالو آلٹو سٹی کی ترجمان کا کہنا تھا کہ زکربرگ خاندان کو کسی قسم کی خصوصی رعایت نہیں دی گئی، اور شہر کے تمام زوننگ، تعمیراتی اور حفاظتی قوانین یکساں طور پر نافذ کیے جاتے ہیں،  یہ اسکول، جو بکن بن اسکول کے نام سے مونٹیسوری طرز پر قائم تھا، جون 30 تک بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

Watch Live Public News