ویب ڈیسک: چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے بدتمیزی کرنے والے وکیل مصطفین کاظمی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
تفصیلا ت کے مطابق چیف جسٹس سے بدتمیزی کے کیس میں تفتیشی افسر نے موقف اختیارکیا کہ مصطفین کاظمی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ مصطفین کاظمی کے وکیل ہادی علی چٹھہ اور ایمان مزاری ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
اسلام آباد کی انسداد دِہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے تفتیشی افسر کی استدعا پر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے وکیل مصطفین کاظمی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے نظر ثانی درخواستوں پر3 اکتوبرکی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے پی ٹی آئی کے وکیل مصطفین کاظمی نے بدتمیزی کی تھی جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔