پاکستان سے میچز نہ کروانے کی تجویز پر بھارتی کرکٹ بورڈ کا ردعمل

پاکستان سے میچز نہ کروانے کی تجویز پر بھارتی کرکٹ بورڈ کا ردعمل
کیپشن: پاکستان سے میچز نہ کروانے کی تجویز پر بھارتی کرکٹ بورڈ کا ردعمل

ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن کی اس تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاک–بھارت میچز کو ختم کرنا اتنا آسان نہیں جتنا کہا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مائیکل ایتھرٹن نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کو تجویز دی تھی کہ آئندہ کسی بھی عالمی ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز شیڈول نہ کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی اور سفارتی تعلقات میں کمی کے باعث اب وقت آ گیا ہے کہ آئی سی سی اس روایت کو ختم کرے۔ ایتھرٹن نے مزید کہا تھا کہ ماضی میں آئی سی سی ایونٹس میں پاک–بھارت میچز معاشی اور سفارتی وجوہات کے تحت کرائے جاتے رہے ہیں، تاہم اب یہ عمل مناسب نہیں رہا۔

ایتھرٹن کے اس بیان کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "ایسی تجاویز دینا آسان ضرور ہے لیکن فیصلے لینا اتنا آسان نہیں۔ اس میں سپانسرز، براڈکاسٹرز اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کے مفادات شامل ہوتے ہیں، جن کی منظوری کے بغیر کوئی بھی فیصلہ ممکن نہیں۔"

عہدیدار نے واضح کیا کہ پاک–بھارت میچز نہ صرف کھیل کے لحاظ سے بلکہ تجارتی نقطۂ نظر سے بھی سب سے زیادہ ریونیو پیدا کرنے والے مقابلے ہوتے ہیں، اس لیے کسی بڑے ٹورنامنٹ سے ایسی ٹیموں کا اخراج یا میچز کی منسوخی عالمی سطح پر کرکٹ کے مالی نظام پر اثر ڈال سکتی ہے۔

بی سی سی آئی عہدیدار نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں صرف بھارت ہی نہیں بلکہ اگر کوئی بھی بڑی ٹیم کسی عالمی ایونٹ سے دستبردار ہو جائے تو اسپانسرز کو متوجہ رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ "یہ سب نظریاتی باتیں اچھی لگتی ہیں، مگر عملی دنیا میں کھیل کو مالی طور پر مستحکم رکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔"

Watch Live Public News