(ویب ڈیسک ) کورکمانڈر کانفرنس میں شرکا ء نے کہا کہ بھارتی قیادت کی جنگی جنون پر مبنی بیانات سے خطے کے امن کو خطرہ ہے،پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیں گی ۔
چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔شرکا نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شہید ہونے والے جوانوں کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
فیلڈ مارشل نے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جوانوں کےبلند حوصلے کو سراہا۔انہوں نے سیلاب کے دوران ریلیف آپریشن پر سول انتظامیہ اور فوجی دستوں کی تعریف بھی کی۔
فورم نے دشمن کے ہر عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،دہشتگردی اور جرائم کے سیاسی سرپرستی والے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
فورم نے بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا،بھارتی قیادت کی جنگی جنون پر مبنی بیانات سے خطے کے امن کو خطرہ ہے، پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیں گی ۔ بھارت کا کسی نئے معمول کا خواب، پاکستان کے نئے ردعمل سے توڑا جائے گا ۔
فورم نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان جیسے نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کا فیصلہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز نے سعودی عرب سے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کو تاریخی قرار دیا۔شرکاء نے کہا کہ پاک، سعودی دفاعی معاہدہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے سنگ میل ہے۔
فورم نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور فلسطینی عوام کے لیے فوری جنگ بندی اور امداد کی فراہمی کی اپیل کی۔فلسطین میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔پاکستان نے فلسطینی عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ فلسطین کی آزاد ریاست 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر قائم ہونی چاہیے ، القدس الشریف کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت قرار دینے کی حمایت بھی کی گئی۔
فیلڈمارشل نے کمانڈرز کو اعلیٰ آپریشنل تیاری اور نظم و ضبط یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جسمانی فٹنس، اختراعات اور فوری ردعمل کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔پاک فوج روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ اور غیر متوازن خطرات کا مقابلہ کرنے کی اہل ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطا ق جنرل عاصم منیر نے افواجِ پاکستان کی آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔