ویب ڈیسک: ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر تعلیمی ادارے مزید دو روز کیلئے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سی او ایجوکیشن نے پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں تعلیمی ادارے مزید دو روز کیلئے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر درج ذیل 56 تعلیمی اداروں کو 8 اور 9 ستمبر کو مزید دو دن کیلئے بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چنیوٹ میں 11، لالیاں میں 19، بھوانہ کے 26 تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ ضلع بھر کے دیگر تمام اسکول اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی جاری ہے جس کے باعث بعض نجی اسکولوں نے آج چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے، ڈیفنس، کورنگی روڈ، شارع فیصل، برنس روڈ اور ایم اے جناح روڈ کے علاوہ قیوم آباد، محمود آباد، منظور کالونی، بلوچ کالونی اور گردونواح میں بوندا باندی ہوگی۔