محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ تازہ ترین الرٹ کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ مری، گلیات، لاہور اور راولپنڈی سمیت اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ کے اکثر اضلاع اور کراچی میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، قلات، خضدار، لسبیلہ اور گوادر سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کوئٹہ میں 32، قلات میں 28، زیارت میں 24، سبی میں 40 اور نوکنڈی میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کراچی انجم نذیر ضیغم نے بتایا کہ موجودہ ڈیپ ڈپریشن ضلع تھرپارکر میں موجود ہے جو آئندہ 18 سے 24 گھنٹوں میں کمزور ہو کر ڈپریشن کی شکل اختیار کرلے گا۔ یہ سسٹم سندھ کے وسطی اضلاع کی طرف بڑھ رہا ہے اور 10 ستمبر تک جنوبی سندھ میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارشیں ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی، حیدرآباد، شہید بے نظیر آباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، جامشورو، سجاول اور دادو میں بارش کے باعث اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں۔ ساتھ ہی دادو میں طغیانی اور حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپریشن کے باعث 60 سے 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں، اس لیے شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

محکمہ اطلاعات سندھ نے دریاؤں اور بیراجوں میں پانی کی آمد و اخراج کی صورتحال بھی جاری کی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پنجند بیراج پر پانی کی آمد و اخراج 5 لاکھ 64 ہزار 604 کیوسک، تریموں بیراج پر 5 لاکھ 43 ہزار 569 کیوسک، گڈو بیراج پر 4 لاکھ ایک ہزار 662 کیوسک آمد اور 3 لاکھ 80 ہزار 895 کیوسک اخراج ریکارڈ کیا گیا۔ سکھر بیراج پر 3 لاکھ 40 ہزار 766 کیوسک پانی کی آمد جبکہ کوٹری بیراج پر 2 لاکھ 36 ہزار 116 کیوسک پانی کی آمد رپورٹ ہوئی ہے۔

Watch Live Public News