ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث کی ناقص کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حارث ٹاپ آرڈر بلے باز ہونے کے باوجود مڈل آرڈر میں کھیلے، انہوں نے پاکستان ٹیم کیلئے اپنا نمبر قربان کردیا، بہت کم لوگ ایسا کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹی 20 کے کپتان نے وکٹ کیپر بلے باز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کیلئے 6 یا 7 نمبر پر بیٹنگ کر رہے ہیں، لوگوں کو یہ نظر نہیں آتا، لوگ صرف یہ دیکھتے ہیں کہ وہ پرفارم نہیں کر رہا، لیکن اس کی قربانی کو کوئی نہیں دیکھ رہا، وہ ٹاپ آرڈر بلے باز ہے، لیکن بغیر کسی شکایت کے وہ اپنی بہترین کارکردگی دکھاتا ہے جہاں بھیجا جاتا ہے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا کہ مجھے حارث پر پورا بھروسہ ہے اور میں پر امید ہوں کہ وہ ایشیا کپ میں پرفارم کرے گا، ایک ایسا کھلاڑی جسے آپ سیریز کے ایک دو پرفارمنس کیلئے مسترد نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ محمد حارث کی بیٹنگ میں مشکلات ان کی آخری 11 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز میں واضح ہیں جس میں وہ صرف 54 رنز بنا سکے ہیں۔
ان کے حالیہ اسکورز میں جولائی میں بنگلا دیش کیخلاف 4، 0، اور 5، اگست میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 6، 4، اور 2، اور متحدہ عرب امارات اور افغانستان کے خلاف جاری سہ فریقی سیریز میں 15، 1، 1 اور 14 شامل ہیں۔