پاکستان کانئے ٹیرف پر مذاکرات کیلئے اعلیٰ سطح کا وفد امریکا بھیجنے کا فیصلہ

پاکستان کانئے ٹیرف پر مذاکرات کیلئے اعلیٰ سطح کا وفد امریکا بھیجنے کا فیصلہ
کیپشن: پاکستان کانئے ٹیرف پر مذاکرات کیلئے اعلیٰ سطح کا وفد امریکا بھیجنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: پاکستان نے امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ اور نئے ٹیرف کے حوالے سے مذاکرات کیلئے اعلی سطح کا وفد بھیجنے کا فیصلہ کرلیا جب کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفد میں معروف کاروباری شخصیات اور برآمد کنندگان کی شمولیت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وفد کو وزیرِ اعظم کی جانب سے امریکا کی جانب سے درآمدات پر لگائے گئے نئے ٹیرف پر مذاکرات کے بعد مستقبل کیلئے باہمی طور پر مفید لائحہ عمل طے کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔

وزیرِ اعظم  شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملکی برآمدات میں اضافے اور امریکا کی جانب سے درآمدات پر لگائے گئے نئے ٹیرف سے متعلق جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم  و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، مشیر وزیرِ اعظم سید توقیر شاہ، معاونین خصوصی طارق فاطمی، ہارون اختر، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

بیان کے بیان کے مطابق وزیرِ اعظم کو اجلاس میں امریکا کی جانب سے لگائے گئے نئے ٹیرف، اسٹئیرنگ کمیٹی اور ورکنگ گروپ کی رپورٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی اور مستقبل کے مجوزہ لائحہ عمل پیش کیا گیا۔

اجلاس کو مختلف متبادل لائحہ عمل پیش کئے گئے، اجلاس کو بتایا گیا کہ امریکا میں پاکستانی سفارتخانہ مسلسل امریکی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔ 

وزیرِ اعظم نے امریکا کے ساتھ اس حوالے سے مذاکرات کیلئے وفد کی تشکیل کے دوران معروف کاروباری شخصیات اور برآمد کندگان کی شمولیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ امریکا پاکستان کے تجارتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، حکومت، امریکا کے ساتھ  تجارتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے۔

امریکا کیساتھ تعلقات مضبوط بنانے کیلیے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں گے، وزیراعظم

شہباز شریف سے سے ایرک میئر، سینئر بیورو آفیشل اور قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری، بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز، یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف اسٹیٹ کی قیادت میں امریکی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ یہ وفد پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔

وزیراعظم نے فورم میں امریکی شرکت کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے، امریکی کمپنیوں کو اس ترجیحی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونا چاہیے۔

دوطرفہ تناظر اور علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری میئر نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے کی وسیع استعداد کا اعتراف کیا اور امریکی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔

انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی امریکی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

Watch Live Public News