پنجاب کے دیہات میں صفائی ،سینی ٹیشن کا بڑا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

پنجاب کے دیہات میں صفائی ،سینی ٹیشن کا بڑا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور: پنجاب کے دیہات میں صفائی اورسینی ٹیشن کا بڑا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پروگرام کا افتتاح وزیر اعلی محسن نقوی 14 اگست کو کریں گے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت آج وزیر اعلی آفس میں صوبائی کابینہ کا 22 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے دیہات میں صفائی اورسینی ٹیشن کا بڑا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے پنجاب کی دیہی یونین کونسلز میں صفائی اور سینی ٹیشن کا پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی،پروگرام کا افتتاح وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی 14 اگست کو کریں گے -وزیر اعلی محسن نقوی نے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے موثر حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی۔وزیراعلی محسن نقوی نے صفائی اور سینی ٹیشن پروگرام کے لئے چھوٹے گھروں سے فیس کی وصولی کی تجویز مسترد کر دی۔ اجلاس میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لئے ٹیسٹ کے طریقہ کار و قواعد وضوابط کیلئے وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی جبکہ ڈیرہ غازی خان میڈیکل کالج کے بورڈ آف مینجمنٹ کے قیام کی منظوری دی گئی، اجلاس میں راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کا انتظام پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پنجاب میں نرسوں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے 6 ہزار نرسوں کو بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی ۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ہدایت کی کہ نرسوں کی بھرتی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں رواں مالی سال کے لئے داخلہ پالیسی اور لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی از سر نو تعمیر کی سکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے پنجاب ڈرگز رولز 2007 میں ترمیم کی منظوری دی جبکہ گوجرانوالہ میں یونیورسٹی کے قیام کی منظوری اور منصوبے کو رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں چیف منسٹر ز ٹاسک فورس برائے جنگلات و جنگلی حیات کے قیام اورفیصل آباد شہر میں ڈرینج کے نظام کی بحالی کے پروگرام کی منظوری دی گئی جبکہ بابر سینما فیصل آباد کے قریب پرانی سبزی منڈی کی اراضی پر پبلک پارک کے قیام کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں موضع سیدوآنہ کو سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی حدود میں شامل کرنے اورپنجاب فلم سنسر بورڈ کی از سر نو تشکیل کی منظوری دی گئی، محکمہ سکولز ایجوکیشن کے پروگرام ”اسپائر“(Actions to Strengthen Performance for Inclusive and Responsive Education) کیلئے 2 ارب 18 کروڑ روپے کے فنڈزاورمختلف بین الاقوامی ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے تعاون کے 19 منصوبوں کیلئے 16 ارب 77 کروڑ روپے کے فنڈز کے از سر نو اجراء کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے اے ایس آئی اور ایس آئی کی ٹریننگ کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے پولیس رولز 1934 میں ترمیم کی منظوری دی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کو دورہ ازبکستان کے حوالے سے بریف کیا اور بتایا کہ ازبکستان کے وزراء اور اعلی حکام کے ساتھ زراعت کے شعبے خصوصا سیڈ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور و نجی کاری کے چوتھے اجلاس،کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 6 ویں اجلاس اورکابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کے 9 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔صوبائی وزراء، مشیران،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔