ٹرمپ نے دوبارہ بھارتی جنگی طیارے گرائے جانے کی تصدیق کردی

ٹرمپ نے دوبارہ بھارتی جنگی طیارے گرائے جانے کی تصدیق کردی
کیپشن: ٹرمپ نے دوبارہ بھارتی جنگی طیارے گرائے جانے کی تصدیق کردی

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر تصدیق کی ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی جنگی طیارے مار گرائے گئے تھے۔

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تنازع شدید نوعیت اختیار کر چکا تھا اور پاکستان و بھارت ممکنہ طور پر ایٹمی جنگ کے دہانے پر تھے۔ ان کے مطابق، اس دوران 5 یا 6 بھارتی جنگی طیارے تباہ کیے گئے۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ جنگ نہیں بلکہ امن اور تجارت چاہتے ہیں، اور اسی مقصد کے تحت انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کروانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ روس کے ساتھ ڈیل آخری مرحلے میں ہے اور وہ جلد ہی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے کیونکہ دونوں ممالک اب امن کے خواہاں ہیں۔

امریکی صدر نے بتایا کہ پاک بھارت جنگ بندی کے وقت انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں کو پیغام دیا تھا کہ لڑائی کے بجائے تجارت پر توجہ دیں، اور دونوں نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب، بھارت نے امریکا کے حالیہ ٹیرف اقدامات کے ردعمل میں روس اور چین سے تعلقات مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سات سال بعد چین کا دورہ کریں گے اور روسی صدر پیوٹن کو بھی بھارت آنے کی دعوت دے چکے ہیں۔ بھارت نے امریکا سے ہتھیاروں اور طیاروں کی خریداری بھی روک دی ہے، جسے عالمی تجزیہ کار ایک سنگین اقدام قرار دے رہے ہیں۔

امریکی جریدے بلوم برگ کے مطابق، 17 جون کو مودی نے ٹرمپ کی کھانے کی دعوت یہ خدشہ ظاہر کرتے ہوئے مسترد کر دی کہ اس موقع پر ممکنہ طور پر ان کی ملاقات پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے کرائی جا سکتی ہے۔ اسی روز ٹرمپ اور مودی کے درمیان 35 منٹ طویل اور کشیدہ ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جو امریکا اور بھارت کے تعلقات میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔ اس گفتگو کے بعد ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو "مردہ" قرار دیتے ہوئے بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر دیا۔

Watch Live Public News