ویب ڈیسک:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ اگر ایوان میں ہمیں اکثریت مل گئی تو خیبرپختونخوا حکومت گرادیں گے تاہم فی الوقت کسی حکومت کو گرانے کی سازش نہیں ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے بھٹ شاہ میں حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے 282 ویں عرس کی تقریبات کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ جب چاہیں خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لاسکتے ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیر ثقافت سندھ ذوالفقار شاہ کے ہمراہ مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ کے پی میں امن لانے والوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے طنز یہ سوال کیا کہ کیا نو مئی کو یادگارِ شہدا کی بے حرمتی کرنے والے بھارت اور اسرائیل سے آئے تھے؟
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم کسی کی بھی حکومت گرانے کے حق میں نہیں لیکن ملک میں سزا اور جزا کا نظام ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے عدالتوں سے ریلیف لیں، انہیں این آر او نہیں ملے گا۔ نو مئی کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے اور جن لوگوں نے غلط کام کیے ہیں، وہ سزا بھگتیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بھی وفاق سے ان کے لیڈروں کو اٹھا کر باہر پھینکا تھا، اور اب اگر ایوان میں ہمارے ایک بھی رکن کی برتری ہوئی تو خیبرپختونخوا حکومت گر جائے گی۔