بڑھتی قیمتوں کو بریک لگ گئی، سونے کی قیمت میں کمی

بڑھتی قیمتوں کو بریک لگ گئی، سونے کی قیمت میں کمی
کیپشن: بڑھتی قیمتوں کو بریک لگ گئی، سونے کی قیمت میں کمی

ویب ڈیسک: پاکستان سمیت عالمی مارکیٹ میں گزشتہ چندروز تک بڑھتی ہوئی سونے کی قیمتوں میں بدھ کے روز کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم قیمتوں میں یہ کمی معمولی ہونے کے باوجود خریداروں اور سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنی۔

آل پاکستان صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 300 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 62 ہزار 400 روپے پر آ گیا، جب کہ دس گرام سونے کی قیمت 257 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 10 ہزار 699 روپے مقرر ہوئی۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی، جہاں فی اونس سونا 3 ڈالر کمی کے بعد 3 ہزار 397 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔ یہ کمی اگرچہ زیادہ نہیں ہے، تاہم گزشتہ چند روز کے دوران ہونے والے نمایاں اضافے کے بعد اسے اہم پیشرفت سمجھا جا رہا ہے۔

صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، پاکستان میں چاندی کی فی تولہ قیمت بھی 9 روپے کم ہو کر 4 ہزار 64 روپے ہو گئی، جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کا نرخ 0.09 ڈالر کمی کے بعد 38.31 ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ تین دنوں کے دوران مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مجموعی طور پر 4 ہزار 900 روپے اور عالمی مارکیٹ میں فی اونس 49 ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی و بیشی سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہو رہی ہے۔ مستقبل میں قیمتوں کا رجحان عالمی معاشی پالیسیوں اور کرنسی مارکیٹ کی حرکات پر منحصر ہوگا۔

Watch Live Public News