ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مشترکہ انسدادِ دہشتگردی مشق دوستی-ٹو 4 سے 9 اگست 2025 تک تاجکستان کے فخروباد بیس پر کامیابی سے منعقد ہوئی۔ مشق میں پاکستان آرمی کی لائٹ کمانڈو بٹالین کی 2 ٹیمیں اور تاجکستان کی اسپیشل فورسز کی 4 ٹیموں نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران تمام تربیتی اور عسکری سفارتی مقاصد کامیابی سے حاصل کیے گئے۔ اختتامی تقریب 9 اگست کو منعقد ہوئی جس میں پاکستان کی جانب سے ڈیفنس اتاشی تاجکستان، کرنل محمد معظم ظفر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ تاجکستان کی سینئر عسکری قیادت بھی موجود تھی۔دونوں ممالک کے جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور عملی تربیت کا اعلیٰ مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوستی-ٹو مشق کا مقصد دونوں دوست ممالک کے درمیان تاریخی عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور مشترکہ تربیت کے ذریعے انسداد دہشتگردی آپریشنز سے متعلق حربی مہارت، طریقہ کار اور حکمت عملی کو نکھارنا تھا۔