(ویب ڈیسک)ایپل اپنی اسمارٹ واچ کے ڈیزائن میں بڑی تبدیلی لانے پر غور کر رہا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق کمپنی مستقبل کی ایپل واچ کے لیے گول یا سرکلر ڈسپلے استعمال کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔
ایپل نے اب تک اپنی تمام اسمارٹ واچز میں ریکٹینگولر اسکرین کا استعمال کیا ہے، جبکہ گوگل کے Wear OS پر مبنی اسمارٹ واچز میں گول اور ریکٹینگولر دونوں طرح کے ڈیزائن دیکھنے کو ملتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایپل اپنی ویئرایبل ڈیوائسز کی حکمتِ عملی پر نظرثانی کر رہا ہے، جس کے دوران مختلف اسکرین سائز اور ڈیزائنز کے ساتھ ساتھ ایسے ڈیوائسز پر بھی غور کیا جا رہا ہے جن میں ڈسپلے موجود نہ ہو۔ تاہم، گول اسکرین والی ایپل واچ کا مارکیٹ میں آنا ابھی یقینی نہیں ہے۔
ایپل کو گول اسمارٹ واچ کے حوالے سے دلچسپی نئی نہیں۔ کمپنی کو 2018 میں گول اسمارٹ واچ سے متعلق پیٹنٹ بھی مل چکا ہے۔
گول ڈسپلے متعارف کرانے میں سب سے بڑا چیلنج اس کے سافٹ ویئر اور یوزر انٹرفیس کو نئے سرے سے ڈیزائن کرنا ہوگا۔ خاص طور پر نوٹیفکیشنز، بینرز اور لمبے متن کو گول اسکرین پر اس طرح دکھانا مشکل ہے کہ معلومات اسکرین کے کناروں سے کٹنے نہ پائے۔
اگر ایپل واقعی اس ڈیزائن کو عملی شکل دینے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ ایپل واچ کی کئی سال سے جاری ریکٹینگولر شکل میں ایک نمایاں تبدیلی ہوگی۔ تاہم، فی الحال گول ایپل واچ صرف کمپنی کے زیرِ غور آئیڈیاز میں شامل ہے، اس کی لانچ کی کوئی حتمی تصدیق نہیں ہوئی۔