ویب ڈیسک: ایس آئی ایف سی کی جامع حکمتِ عملی کے باعث پاکستان میں کاروباری مواقع اور سرمایہ کاری میں نمایاں وسعت آرہی ہے۔
’سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ‘(ایس ای سی پی) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سات ماہ میں 14 بین الاقوامی کمپنیوں کی پاکستان میں رجسٹریشن مکمل ہوئی۔ بین الاقوامی کمپنیوں میں چین، ڈنمارک، ہانگ کانگ، جاپان، سنگاپور، اسپین، ترکیہ،امریکہ، یو اے ای سمیت دیگر کمپنیاں شامل ہیں۔ مکمل اعتماد کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری میں چین 67 فیصد حصہ کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔ ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، سروسز اور تجارت کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 618 نئی کمپنیوں میں ایک ارب دس کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی۔ غیر ملکی کمپنیوں کی پاکستان میں آمد اقتصادی صلاحیت پر اعتماد کی عکاس ہے۔
غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور کاروباری ماحول کو مضبوط بنا رہا ہے۔ بین الاقوامی سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان میں روزگار کے انگنت مواقع پیدا ہوں گے۔ پاکستانی صنعتی ترقی میں عالمی شراکت داری اسکو نئی راہ پر گامزن کرے گی۔ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان کاروباری توسیع، سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔