ویب ڈیسک: شکارپور میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے دوران 8 ڈاکوؤں کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ آپریشن کے دوران 2 ڈی ایس پیز سمیت دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جن میں خاتون ڈی ایس پی پارس بکھرانی اور ڈی ایس پی ظہور احمد سومرو شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے 4 ڈاکوؤں کی شناخت امداد شیخ، شدن شیخ، شہمور شیخ اور برکت شیخ کے ناموں سے ہو گئی ہے، جبکہ دیگر ڈاکوؤں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ تمام لاشیں جائے وقوع پر موجود ہیں۔
دوسری جانب، شدید زخمی ڈی ایس پی پارس بکھرانی کو سکھر ڈسٹرکٹ کونسل کی جانب سے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے بتایا کہ انہیں ضیاء الدین اسپتال سے کراچی شفٹ کیا جا رہا ہے۔
سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ شکارپور پولیس کی بہادری قابلِ فخر ہے، جنہوں نے سندھ پولیس کا نام بلند کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈی ایس پی پارس بکھرانی سندھ کی بہادر بیٹی ہیں اور ان کی ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔