فیفاورلڈکپ2026:ہرہاف کے22ویں منٹ میں لازمی وقفہ ہوگا

فیفاورلڈکپ2026:ہرہاف کے22ویں منٹ میں لازمی وقفہ ہوگا
کیپشن: فیفاورلڈکپ2026:ہرہاف کے22ویں منٹ میں لازمی وقفہ ہوگا

ویب ڈیسک: فیفا نے کھلاڑیوں کی فلاح و صحت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے آئندہ برس کینیڈا، امریکا اور میکسیکو میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں ہر ہاف کے 22ویں منٹ پر میچ روک کر 3 منٹ کا پانی پینے کا وقفہ لازمی قرار دے دیا ہے۔

فیفا کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کھلاڑیوں کی جسمانی کارکردگی اور صحت کو زیادہ مؤثر طریقے سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے، خاص طور پر ایسے حالات میں جہاں شدید گرمی یا نمی کھیل پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

کلب ورلڈ کپ کے تجربات کے بعد نیا اصول

امریکا میں ہونے والے کلب ورلڈ کپ کے دوران گرمی اور نمی کے باعث کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر ہوئی، جس کے بعد فیفا نے کولنگ بریک سے متعلق پالیسی میں تبدیلیاں کیں۔
مزید پانی اور تولیے فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وقفے دینے کا معیار بھی نرم کیا گیا۔

ہر میچ میں وقفہ — موسم کی پرواہ نہیں

نئے قانون کے مطابق یہ ہائیڈریشن بریک ہر میچ میں لازمی ہوگا— چاہے موسم معتدل ہو یا اسٹیڈیم میں چھت اور ایئر کنڈیشنگ موجود ہو۔
ریفری ہر ہاف کے 22 منٹ مکمل ہونے پر کھیل روک کر کھلاڑیوں کو پانی پینے کی اجازت دے گا۔

اگر اس وقت سے کچھ پہلے ہی کھیل کسی چوٹ یا فاؤل کے باعث رکا ہو، تو ریفری حالات دیکھ کر فیصلہ کرے گا کہ وقفہ اسی وقت لے لیا جائے یا مقررہ وقت پر دیا جائے۔

 براڈکاسٹرز کے لیے بھی سہولت

فیفا کے مطابق اس فیصلے سے نشریاتی اداروں کو بھی فائدہ ہوگا، کیونکہ وقفے کا وقت پہلے سے طے ہونے کے باعث نشریاتی شیڈول زیادہ درست اور پیش گوئی کے قابل ہو جائے گا۔

یہ اعلان فیفا کے چیف ٹورنامنٹ آفیسر مانولو زبیریا نے براڈکاسٹرز کے اجلاس میں کیا۔

پرانی پالیسی کا سادہ ورژن

فیفا نے واضح کیا کہ یہ نیا نظام پچھلی پالیسی کا آسان اور مربوط ورژن ہے۔

پہلے 30 منٹ کے بعد کولنگ بریک صرف اس صورت میں دیا جاتا تھا جب درجہ حرارت 32 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر جاتا تھا۔

 نئے اصول کے تحت ورلڈ کپ 2026 کے میچز پہلی بار ایک باقاعدہ ہائیڈریشن بریک کے ساتھ کھیلے جائیں گے، جسے کھلاڑیوں کی فلاح کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News