(ویب ڈیسک ) پاکستان نے سعودی عرب میں فلسطینی ریاست بنانے کے اسرائیلی وزیر اعظم کے بیان کی مذمت کردی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کا بیان اشتعال انگیز، غیر سنجیدہ اور ناقابل قبول ہے، پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے جائز حق کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، سعودی عرب کے فلسطین کاز کے لیے غیر متزلزل عزم کو غلط رنگ دینا افسوسناک ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کا 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق آزاد ریاست کا حق مسلمہ ہے، القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہے اور رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کی بےدخلی کی کوئی بھی تجویز عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان فلسطینیوں کے حقوق کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا، پاکستان اسرائیلی وزیراعظم کے اشتعال انگیز بیان کی مذمت کرتا ہے، عالمی برادری اسرائیل کو امن عمل کو نقصان پہنچانے کی مسلسل کوششوں پر جوابدہ ٹھہرائے۔
ترجمان کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے مصری ہم منصب بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی، دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان غزہ کی صورتحال اور انسانی بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ فلسطین پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطین کے عوام کے حق میں اور مصرکے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتا ہے، پاکستان اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کے انعقاد کی بھی حمایت کرتا ہے۔