ویب ڈیسک: ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی درخواست کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے وزیرِاعظم سے دوبارہ رابطہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی وزیرِاعظم شہباز شریف سے آئندہ ایک سے دو روز میں ملاقات متوقع ہے، جس میں وہ آئی سی سی کی درخواست کے حوالے سے وزیرِاعظم سے ہدایات حاصل کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ سے متعلق حتمی فیصلہ وزیرِاعظم شہباز شریف ہی کریں گے۔
یاد رہے کہ حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے اور بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔
دوسری جانب آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں لاہور میں آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، جن میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان مذاکرات تین گھنٹے سے زائد وقت سے جاری ہیں، جن میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی توجہ بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے پر مرکوز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے یا کھیلنے کا فیصلہ حکومتِ پاکستان کا اختیار ہے۔
آج ہونے والی ملاقات کے دوران بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے پاکستان کی جانب سے بنگلادیش کی حمایت پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ بھی ادا کیا۔