ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کی پیش گوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بونیر، پشاور، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، بنوں، باجوڑ، مہمند اور خیبر شامل ہیں، میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہوائیں داخل ہو چکی ہیں، جس کے باعث آج سے بارش جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا میں آج اور کل بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
مری اور گلیات میں بھی آج سے کل تک بارش اور برفباری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
اورکزئی، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں جن میں کوئٹہ، زیارت، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، قلات، تربت، چاغی، گوادر اور خاران شامل ہیں، میں بھی بارش متوقع ہے۔
اسی طرح ژوب اور موسیٰ خیل میں چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔