(ویب ڈیسک)مشہور انگریزی گانے ’ٹو مچ‘ کے برطانوی گلوکار اور ریپر سینٹرل سی نے اسلام قبول کرلیا ہے۔
27 سالہ برطانوی ریپر، جن کا اصل نام اوکلی نیل سیزر-سو ہے، نے ایک لائیو اسٹریمنگ کے دوران اسلام قبول کرنے اور اپنا نام تبدیل کرنے کی تصدیق کی۔
لائیو اسٹریم کے دوران انہوں نے کلمہ شہادت پڑھتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اب مسلمان ہیں۔
سینٹرل سی نے بتایا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے اپنا پہلا نام اوکلی سے تبدیل کر کے عقیل رکھ لیا ہے۔ اس موقع پر ان کے دوست بھی موجود تھے جنہوں نے انہیں مبارکباد دی، تاہم گلوکار نے اپنے روحانی سفر کی مزید تفصیلات شیئر نہیں کیں۔
اس اعلان سے قبل سینٹرل سی نے کبھی کھل کر اپنے مذہبی خیالات کا اظہار نہیں کیا تھا، البتہ مداحوں کی جانب سے ان کی سوشل میڈیا پوسٹس میں عربی کیپشنز دیکھ کر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔
سینٹرل سی اپنی منفرد موسیقی کی بدولت دنیا بھر میں بے پناہ مقبولیت رکھتے ہیں۔ وہ 4 جون 1998 کو لندن میں پیدا ہوئے اور 2014 میں موسیقی کے کیریئر کا آغاز کیا۔ بعد ازاں وہ برطانوی ڈرل اور ریپ میوزک کے نمایاں فنکاروں میں شمار ہونے لگے۔
سال 2024 میں انہیں دنیا بھر میں سب سے زیادہ سنے جانے والے برطانوی ریپر کا اعزاز بھی حاصل ہوا، جبکہ ان کے گانے مختلف پلیٹ فارمز پر اربوں بار سنے جا چکے ہیں۔