(ویب ڈیسک ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سڑکیں بنانے سے قومیں ترقی نہیں کرتی جیسے بیان دینے والوں کی عقل پر ماتم کرتی ہوں، سڑکیں نقل و حمل کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، جہاں سڑکیں بنتی ہیں وہاں ترقی آتی ہے۔منہ اور پاؤں کی بیماریاں صرف جانوروں کو نہیں انسانوں کو بھی ہوتی ہیں، ایسے لوگوں کا قدم صرف ملک کے خلاف اٹھتا ہے اور جب منہ کھلتا ہے تو گالی گلوچ، بدتمیزی اور بدتہذیبی ہوتی ہے۔
مریم نواز نے پاکپتن میں لائیو اسٹاک کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف دور کے بعد ایک بار پھر معیشت کے لیے اچھی خبریں آنے لگی ہیں، ملک معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے وقت پاکستان کے ڈیفالٹ اور ملک کے دیوالیہ ہونے کی خبریں آتی تھی، ملک کو سری لنکا سے ملایا جایا جاتا تھا لیکن آج مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو 10 ماہ بھی نہیں ہوئے اور اسٹاک مارکیٹ کے ریکارڈ توڑنے کی خبریں آرہی ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ کئی حکومتیں ایسی دیکھی جو آخری وقت تک عوام کو کہتی تھی کہ ہم (منصوبوں) پر کام کرنا چاہتے تھے، ہم اس چیز سے باہر نکل آئے ہیں، عوام کو لائیو اسٹاک کا ثمر ملنا شروع ہوگیا ہے، عوام کو فائدہ پہنچنا شروع ہوا ہے اس لیے میں آپ کے پاس آئی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں، ملک میں مہنگائی کم ہوئی ہے اور استحکام نظر آرہا ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جس میں آٹے اور روٹی کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، باقی صوبوں میں قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے روز اپنی ٹیم سے بحث کرتی ہوں، 15 کروڑ عوام نے روٹی کھانی ہے اس لیے قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دوں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ اب وقت ہے کہ معاشی بہتری کا ثمر عام عوام کو ملنا شروع ہو، لوگوں کے ذرائع آمدن میں اضافہ ہونا چاہیے، عوام کے پاس اتنی استطاعت ہو کہ اپنے بچوں کو تین وقت کی روٹی کھلا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کارڈ کا پروگرام میرے دل کے بہت قریب ہے جس میں عوام کو فی جانور ( اگر 10 سے کم جانور) ہیں تو مذکورہ کارڈ کے ذریعے 2 لاکھ 70 ہزار روپے بلا سود 4 ماہ کے لیے دیئے جائیں گے تاکہ جانوروں کی بہترین دیکھ بھال کی جاسکے۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف پنجاب کی عوام کی بنیادی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ برآمد میں بھی کار آمد ثابت ہوں گی، اس پروگرام کی کوئی لمبی چوڑی شرائط نہیں رکھی گئی، لائیو اسٹاک 20 ارب کا پروگرام ہے جس میں 11 ارب لائیو اسٹاک کارڈ کے لیے مختص ہیں، 90 ہزار لوگوں کو یہ کارڈ دیا جائے گا اور 4 لاکھ جانوروں کے لیے کارڈ کے ذریعے پیسے رکھے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی دفعہ جانوروں کی ٹیگنگ کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے، ہر جانور کو ایک کیو آر کوڈ دیا جائے گا تاکہ مارکیٹ میں مطلوبہ ڈیمانڈ کا پتہ لگایا جاسکے اور ان کا مکمل ڈیٹا ہمارے پاس موجود ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ میرا آفس کسانوں کو روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں کالیں کرتا ہے تاکہ ان کے مسائل سنے جاسکیں، ہر روز رات کو سونے سے قبل میں اس ڈیٹا کا جائزہ لیتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار کسانوں کو 400 ارب روپے کا کسان کارڈ ملا ہے، ہماری جتنی بھی اسکیمیں ہیں اس کے لیے لاکھوں درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو لوگوں کے نواز شریف پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے، نواشریف اور اس کی بیٹی جو وعدہ کرتے ہیں، پورا کرتے ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا کہ آغاز میں کسانوں کو حکومت سے لڑانے کی بہت کوشش کی گئی ہے لیکن جب کسانوں کی رائے میں سنتی ہوں تو وہ بہت خوش ہیں، دہائیوں بعد پہلا سال ہے کہ کھاد بلیک میں فروخت ہوئی نہ منہ مانگی قیمتوں پر بیچی گئی، کھاد کی ایک قیمت مقرر کی گئی اور سستے داموں کسانوں کو فراہم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بہت جلد کسانوں کے لیے ہر تحصیل میں مشینری فراہم کرنے کی اسکیم لے کر آرہے ہیں تاکہ ان کی مجبوری کو دیکھتے ہوئے منہ مانگی قیمت نہ مانگی جائے، جنوبی پنجاب کی خواتین کو مال و مویشی دینے جارہے ہیں تاکہ افزائش بڑھے اور ان کے پاس باعزت روزگار ہو۔
مریم نواز نے کہا آج 8 ارب روپے سے زائد بجٹ میں قائم 4 سڑکوں کا آج افتتاح کرنے جارہی ہوں، سڑکیں بنانے سے قومیں ترقی نہیں کرتی جیسے بیان دینے والوں کی عقل پر ماتم کرتی ہوں، سڑکیں نقل و حمل کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، جہاں سڑکیں بنتی ہیں وہاں ترقی آتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ منہ اور پاؤں کی بیماریاں صرف جانوروں کو نہیں انسانوں کو بھی ہوتی ہیں، ایسے لوگوں کا قدم صرف ملک کے خلاف اٹھتا ہے اور جب منہ کھلتا ہے تو گالی گلوچ، بدتمیزی اور بدتہذیبی ہوتی ہے۔