عمران خان کو سیاسی منظر نامے میں شامل کیے بغیر استحکام نہیں آ سکتا، فواد چوہدری

عمران خان کو سیاسی منظر نامے میں شامل کیے بغیر استحکام نہیں آ سکتا، فواد چوہدری

(ویب ڈیسک ) فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کو سیاسی منظر نامے میں شامل کیے بغیر استحکام نہیں آ سکتا۔ پاکستان کے تمام دوست سیاسی استحکام کا پیغام دے رہے ہیں۔

فواد چوہدری  نے انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ   پاکستان میں سیاسی عدم استحکام بڑھتا جا رہا ہے،   عوام کے مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا گیا جو انتشار کی وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ  اگر حکومتی کمیٹی عمران خان سے ملاقات نہیں کروا سکتی تو آگے کیا توقع رکھی جائے، اٹارنی  جنرل کی موجودگی میں خواجہ حارث کو کروڑوں فیس دیکر وکیل لگا لیا گیا، پی ٹی آئی کیخلاف حکومتی وکیلوں کی معیشت کھڑی کر دی گئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ   مریم نواز پرائیویٹ جیٹ میں جنیوا گئیں، 2 ارب سوشل میڈیا کیمپین پہ لگا دیا گیا،  پی ٹی وی میں ٹک ٹاکرز اور 1700 ملازمین بھرتی کر لئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ  جس طرح کے حالات ہیں انٹرنیشنل پریشر بڑھ رہا ہے، ابھی عدالت میں 9 مئی کا ایک قیدی دیکھا جس کے پاؤں میں گولی لگی مگر علاج کرانے والا کوئی نہیں۔

  فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو سیاسی منظر نامے میں شامل کیے بغیر استحکام نہیں آ سکتا،  پاکستان کے تمام دوست سیاسی استحکام کا پیغام دے رہے ہیں، ہر پارٹی کے شدت پسندوں کو پیچھے کر کے معتدل لوگوں کو آگے آنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ   پیپلز پارٹی، ن لیگ اور اسٹیبلشمنٹ کو خود مذاکرات کرنے چاہئیں،  سیاسی پارہ نیچے لانے کی ضرورت ہے۔

Watch Live Public News