(ویب ڈیسک ) وائی فائی راؤٹرز غیر محفوظ قرار، حساس معلومات چوری ہونے کا خدشے کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی گئی۔
وائی فائی اور وائرلیس نیٹ ورکس کے ذریعے حساس معلومات چوری ہونے کے خدشے پر وائرلیس راؤٹرز کو کم سے کم محفوظ ڈیوائسز قراد دے دیا گیا۔
کابینہ ڈویژن کی تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اورصوبائی حکومتوں کو ایڈوائزری جاری کردی گئی۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وائی فائی کےذریعے نیٹ ورک ٹریفک میں باآسانی مداخلت ہوسکتی ہے،راؤٹرز اپڈیٹس کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک کو غیر محفوظ طرف موڑا جاسکتاہے۔
جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وائی فائی نیٹ ورک کےذرِیعے ڈائریکٹریز اورفائلز کو باآسانی شئیر کیاجاسکتاہے۔
ایڈوائزری میں صارفین کو وائی فائی کےپاسورڈ پیچیدہ رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ وائی فائی کے نام اورایس ایس آئی ڈی خفیہ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے ۔اس کےعلاوہ اہم معلومات کو بچانےکے لیے گیسٹ نیٹ ورک کو بند کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔