ویب ڈیسک: فرانس کے صدر ایمانویل میکرون اور ان کی اہلیہ بریژیت میکرون ایک بار پھر سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے، جب برطانیہ کے تین روزہ سرکاری دورے کے آغاز پر خاتون اول نے طیارے سے اترتے ہوئے شوہر کا ہاتھ تھامنے سے گریز کیا۔
صدر میکرون نے طیارے کی سیڑھیاں اترتے وقت اہلیہ کی جانب ہاتھ بڑھایا، تاہم بریژیت میکرون نے بلا تامل نظر انداز کر دیا۔ کیمروں نے یہ لمحہ محفوظ کر لیا، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور دونوں کے باہمی تعلقات پر قیاس آرائیوں کو ایک بار پھر ہوا مل گئی ہے۔
اسی روز ایک اور ناخوشگوار لمحہ اس وقت پیش آیا جب صدر میکرون کا قافلہ ونزر کاسل سے روانہ ہوا۔ قافلے میں شامل ایک سرکاری گاڑی کا دروازہ اور پچھلا حصہ کھلا رہ گیا اور جیسے ہی گاڑی نے رفتار پکڑی، صدر کا سامان سڑک پر گر پڑا۔ اہلکار بھاگتے رہے لیکن قافلہ رکتا دکھائی نہ دیا، جبکہ ایک اور گاڑی بھی کھلے دروازے کے ساتھ ہجوم میں تیزی سے گزرتی رہی۔
یہ پہلا موقع نہیں، اس سے قبل رواں برس مئی میں ویتنام کے سرکاری دورے کے دوران بھی بریژیت میکرون کی جانب سے طیارے سے اترتے ہوئے شوہر کے چہرے پر ہاتھ مارنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جسے سوشل میڈیا پر ’تھپڑ‘ قرار دیا گیا تھا۔ تاہم صدر میکرون نے اس واقعے کو محض مذاق قرار دے کر وضاحت دی تھی۔