ویب ڈیسک: راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ایک شخص نے اپنی 16 سالہ بیٹی کو ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے اہلِ خانہ نے ابتدا میں واقعے کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کی، تاہم تفتیش کے دوران شواہد سے واضح ہوا کہ لڑکی کو گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزم والد نے بیٹی کو موبائل فون سے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ختم کرنے کا کہا تھا، مگر انکار پر اس نے طیش میں آ کر بیٹی پر فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔