کراچی: 6 سالہ ولی عابد اغوا، زیادتی اور قتل کیس، مرکزی ملزم گرفتار، تحقیقات جاری

کراچی: 6 سالہ ولی عابد اغوا، زیادتی اور قتل کیس، مرکزی ملزم گرفتار، تحقیقات جاری
کیپشن: کراچی: 6 سالہ ولی عابد اغوا، زیادتی اور قتل کیس، مرکزی ملزم گرفتار، تحقیقات جاری

ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں 6 سالہ ولی عابد کے مبینہ اغوا، زیادتی اور قتل کے کیس میں پولیس نے مرکزی ملزم حمزہ کو گرفتار کرلیا، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق دو روز قبل گھر سے باہر جانے والا 6 سالہ ولی عابد واپس نہ آیا تو اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کردی۔ بعد ازاں بچے کی لاش بوری میں بند ایک عمارت کے نیچے سے برآمد ہوئی، جس کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں پڑوسی حمزہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کے زیر استعمال کپڑے اور دیگر شواہد تحویل میں لے لیے گئے ہیں، جبکہ ڈی این اے سمیت فرانزک شواہد کی مدد سے تفتیش آگے بڑھائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد مشتعل شہریوں نے ملزم اور اس کے والد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے گھر کو آگ لگانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے دونوں کو تحویل میں لے لیا اور صورتحال پر قابو پالیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم نے بچے کی گمشدگی کے بعد اہل خانہ کے ساتھ مل کر تلاش کا ڈراما کیا اور پولیس کو بھی مختلف جھوٹی معلومات دے کر گمراہ کرنے کی کوشش کی، تاہم شواہد کی بنیاد پر اسے گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایچ او کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم کو جب گرفتاری کا خدشہ ہوا تو اس نے مبینہ طور پر بچے کو عمارت سے نیچے پھینک دیا، جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔ اس دعوے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ملزم کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں وہ واردات کا اعتراف کرتا اور مزید دو ساتھیوں کے ملوث ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک کی تحقیقات کے مطابق جرم ایک ہی ملزم نے کیا ہے اور دوسرے ساتھیوں کے شواہد نہیں ملے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایت کی ہے کہ تحقیقات شفاف انداز میں مکمل کرکے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دلائی جائے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید پیش رفت فرانزک، ڈی این اے اور پوسٹ مارٹم رپورٹس کی روشنی میں سامنے آئے گی۔

Watch Live Public News