ویب ڈیسک: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جغرافیائی سیاسی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 6.39 فیصد اضافے کے بعد 80 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت بھی ساڑھے 6 فیصد بڑھ کر 75 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان ہے۔
دوسری جانب امریکا نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کا الزام ایران پر عائد کرتے ہوئے ایرانی تیل کی فروخت پر عائد پابندیوں میں دوبارہ سختی کر دی ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ایران کو تیل فروخت کرنے کے لیے دی گئی رعایت، جو پہلے 21 اگست تک مؤثر تھی، اب کم کرکے 17 جولائی تک محدود کر دی گئی ہے۔