فلم کی شوٹنگ کے دوران راجیش شرما کو زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، اسپتال میں زیرِ علاج

 فلم کی شوٹنگ کے دوران راجیش شرما کو زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، اسپتال میں زیرِ علاج
کیپشن:  فلم کی شوٹنگ کے دوران راجیش شرما کو زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا، اسپتال میں زیرِ علاج

ویب ڈیسک: بالی وڈ اور ہندی سنیما کے معروف اداکار راجیش شرما جنوبی بھارتی سپر اسٹار پربھاس کی نئی فلم کی شوٹنگ کے دوران مبینہ طور پر زہریلے کیڑے کے کاٹنے کے بعد اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیش شرما اس وقت کولکتہ کے منی پال اسپتال میں زیر علاج ہیں، جبکہ ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اداکارہ سودیپا چٹرجی نے راجیش شرما کے اہل خانہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا کہ یہ واقعہ حیدرآباد کی راموجی فلم سٹی میں پیش آیا، جہاں پربھاس کی فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔ بیان کے مطابق شوٹنگ ختم ہونے کے بعد راجیش شرما گھنی جھاڑیوں کے قریب موجود تھے کہ انہیں کسی کیڑے نے کاٹ لیا، تاہم ابتدا میں انہوں نے اسے معمولی واقعہ سمجھتے ہوئے طبی امداد حاصل نہیں کی۔

اہل خانہ کے مطابق تقریباً چھ گھنٹے بعد اداکار کی دائیں ٹانگ میں شدید درد شروع ہوگیا۔ اس کے باوجود وہ کولکتہ روانہ ہوئے، تاہم دورانِ سفر انہیں تیز بخار ہوگیا اور طبیعت مزید بگڑ گئی۔

ڈاکٹروں کے مطابق زہر کے باعث انفیکشن پاؤں کی انگلیوں سے گھٹنے تک پھیل چکا ہے، ٹانگ پر بڑے چھالے بن گئے ہیں اور انہیں سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔

معالجین کا کہنا ہے کہ انفیکشن کے باعث خون کا لوتھڑا بننے کا خدشہ موجود ہے، جو پھیپھڑوں تک پہنچنے کی صورت میں جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق راجیش شرما کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور وہ تاحال خطرے سے باہر نہیں آئے۔

Watch Live Public News