امریکی حملوں میں 14 افراد جاں بحق، 78 زخمی، ایرانی وزارت صحت

امریکی حملوں میں 14 افراد جاں بحق، 78 زخمی، ایرانی وزارت صحت
کیپشن: امریکی حملوں میں 14 افراد جاں بحق، 78 زخمی، ایرانی وزارت صحت

ویب ڈیسک: ایرانی وزارت صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز سے جاری امریکی حملوں میں اب تک 14 افراد جاں بحق جبکہ 78 زخمی ہو چکے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں سے ملک کے پانچ صوبے متاثر ہوئے ہیں، جہاں امدادی اور طبی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق صوبہ خوزستان میں ہونے والے تازہ حملوں میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھولنے سے متعلق فیصلے ایران کی پالیسی اور قومی مفادات کے مطابق کیے جائیں گے۔

باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز ایران کی قومی سلامتی اور تزویراتی مفادات کا اہم حصہ ہے اور تہران کسی بیرونی دباؤ یا دھمکی کے تحت فیصلے نہیں کرے گا۔

ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

Watch Live Public News