(ویب ڈیسک) مستعفیٰ رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل نے استعفیٰ جمع کرانے سے منظور ہونے تک کے دورانیے کی تمام تنخواہ قومی خزانے میں جمع کروا دی۔
سردار اختر مینگل کا کہنا ہے کہ اپنے مستعفیٰ ہونے سے اب تک بطور رکن قومی اسمبلی تنخواہ کی مد میں حاصل ہونے والی تمام رقم قومی خزانے میں جمع کروا رہا ہوں۔میں نے تین ستمبر 2024 کو این اے-256 سے اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔سپیکر قومی اسمبلی نے میرا استعفیٰ 11 فروری 2026 کو منظور کر لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ اس دورانیے میں تنخواہوں، مراعات یا کسی بھی مد میں میرے لئے جاری کردہ رقم قومی خزانے میں جمع کروا سکتا ہے۔
سردار اختر مینگل نے استعفیٰ کے بعد ملنے والی تمام مراعات واپس کر دیں۔ اختر مینگل نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو 78 لاکھ 92 ہزار روپے کا چیک بھجوا دیا۔
خیال رہے کہ سپیکر نے استعفیٰ 11 فروری 2026 کو منظور کر کے 3 ستمبر 2024 سے موثر قرار دیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے خط اور چیک کی وصولی کی تصدیق کر دی ہے۔