ویب ڈیسک: عیدالاضحیٰ کا تیسرا دن بھی مذہبی جوش و جذبے اور روایتی سرگرمیوں کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے انفرادی و اجتماعی قربانیاں کی جا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس موقع پر گھروں میں دعوتوں کا خاص اہتمام کیا گیا ہے جہاں مہمانوں کو بریانی، قورمہ، کڑاہی، کباب اور تکہ بوٹی جیسے لذیذ پکوان پیش کیے جا رہے ہیں۔
کئی افراد نے عید کے ابتدائی دنوں میں قربانی مکمل کر کے اب دوست احباب اور رشتہ داروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
عید کے موقع پر گوشت کے ذائقے میں جدت لانے کے شوقین افراد نے تجربہ کار باورچیوں اور ماہر کبابیوں کی خدمات بھی پہلے سے حاصل کر رکھی ہیں تاکہ دعوتوں کا ذائقہ خاص ہو۔
آج تیسرے دن موسم خوشگوار ہونے کی صورت میں شہریوں کی بڑی تعداد اہل خانہ، خصوصاً بچوں کے ساتھ پارکوں اور تفریحی مقامات کی جانب بھی رخ کرے گی تاکہ عید کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں سیر و تفریح کے ساتھ منایا جا سکے۔