(ویب ڈیسک) مظفرآباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5مشتبہ افراد گرفتار کرلیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر چہلہ کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا، گرفتار افراد کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر مواصلاتی آلات برآمد کرلیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ڈیجیٹل آلات سے مشکوک روابط اور حساس نوعیت کا مواد سامنے آیا، دورانِ تفتیش ایک ملزم کی نشاندہی پر بڑا اسلحہ ذخیرہ برآمد کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 7خودکار ہتھیار، متعدد گرینیڈز اور دیگر جنگی سامان قبضے میں لے لیا گیا،حساس تنصیبات کے نقشے اور مبینہ حملہ منصوبے بھی برآمد کرلیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کے قبضے سے حساس مقامات سے متعلق دستاویزات اور ریکارڈ بھی ملا، دشمن خفیہ ایجنسی کے ساتھ مبینہ رابطوں کے شواہد بھی تحقیقات کا حصہ بن گئے،برآمد شدہ موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر مواد کا فرانزک و تکنیکی تجزیہ جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کار ممکنہ سہولت کاروں، مالی معاونت کے ذرائع اور وسیع نیٹ ورک کی چھان بین کر رہے ہیں، بروقت کارروائی سے حساس تنصیبات اور عوامی سلامتی کو ممکنہ خطرے سے محفوظ بنایا گیا،ریاستی سلامتی، امن عامہ اور قومی مفادات کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، قومی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں،قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔