ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والا اہم اجلاس ختم ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سمیت ن لیگ کی سینئر قیادت نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم آپ جلد کابینہ تشکیل دیں اور منشور پر عمل درآمد شروع کریں، پہاڑ جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے، عوام کو ہم سے بہت توقعات ہیں، مہنگائی میں کمی ناگزیر ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کرنے پر مشاورت ہوئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آصف زرداری کے صدر منتخب ہونے کے بعد ان سے پھر گزارش کروں گا۔
ذرائع نے بتایا کہ غیر رسمی مشاورت میں اہم قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے لئے مجوزہ نام نواز شریف کو پیش کردیئے،قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کا ابتدائی مرحلے میں کابینہ مختصر رکھنے کی ہدایت کردی،دونوں رہنما حتمی مشاورت کے بعد وفاقی کابینہ کو فائنل کریں گے،وفاقی کابینہ کے لئے ناموں کا اعلان کل رات تک متوقع ہے۔ اجلاس میں اتحادی حکومت کی آئندہ کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں سینیٹ انتخابات اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات سے متعلق بھی امور کا جائزہ لیاگیا۔