پاکستانی شہری نےمتحدہ عرب امارات میں بڑامقابلہ جیت لیا

 پاکستانی شہری نےمتحدہ عرب امارات میں بڑامقابلہ جیت لیا
کیپشن: پاکستانی شہری نےمتحدہ عرب امارات میں بڑامقابلہ جیت لیا

ویب ڈیسک: بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک پاکستانی شہری نے متحدہ عرب امارات میں وزن کم کرنے کا مقابلہ جیت لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انور علی نے  تقریباً تین ماہ میں 30 کلو وزن کم کر کے 18 ہزار افراد میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور تقریباً سات لاکھ پاکستانی روپے انعام بھی جیتا۔ضلع کوہلو کے رہائشی 31 سالہ انور علی کا تعلق مری قبیلے سے ہے۔
’بیگسٹ ویٹ لاسٹ چیلنج‘ متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ ہسپتال (راک) نے وزارت صحت کے تعاون سے منعقد کیا تھا جس کا مقصد موٹاپے سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور ان کو رہنمائی فراہم کرنا تھا۔
16 دسمبر سے شروع ہونے والا مقابلہ تین مارچ کو اختتام پذیر ہوا۔ مقابلے کے آغاز اور اختتام پر شرکا کا وزن اور ماس باڈی انڈیکس (بی ایم آئی) کی پیمائش کی گئی۔
مقابلے کے چوتھے ایڈیشن میں پورے متحدہ عرب امارات سے 18 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں نصف سے زائد کا تعلق راس الخیمہ سے تھا۔ مقابلے میں مقامی باشندوں کے ساتھ ساتھ یو ای اے میں مقیم غیرملکیوں نے بھی شرکت کی۔
مقابلے میں خواتین، سکول کے بچوں اور اساتذہ کے لیے بھی الگ کیٹگریز رکھی گئی تھیں۔ مجموعی طور پر 24 افراد کو انعام دیا گیا جنہوں نے اوسطاً 9 کلو گرام اپنا وزن کم کیا تھا۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے انور علی نے سب سے زیادہ 30 کلو وزن کم کر کے پہلا انعام جیتا۔ انور علی نے بتایا کہ مقابلے کے آغاز پر ان کا وزن 120 کلو گرام تھا جو اب کم ہو کر 90 کلو گرام تک آ گیا ہے۔


انہوں نے بتایا کہ ’ وزن کم کرنے کے لیے میں نے پہلے دن سے ہی ہر قسم کے بازاری کھانے جنک فوڈ، کولڈ ڈرنکس، روٹی، گوشت اور دیگر وزن بڑھانے والی خوراک مکمل طور پر چھوڑ دی تھی اور صرف سبزیوں اور سلاد کا استعمال کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے اڑھائی ماہ تک صرف سلاد اور سبزیاں کھائیں۔ گوشت اور روٹی کو ہاتھ تک نہیں لگایا۔ یہ بڑا مشکل تھا مگر آج مجھے اس کا پھل مل گیا ہے۔‘
انور علی نے بتایا کہ وہ تین سال قبل متحدہ عرب امارات گئے تھے اور سکریپ کے کام سے منسلک ہیں۔
ان کو انعام میں 9 ہزار درہم یعنی تقریباً سات لاکھ روپے پاکستانی روپے ملے ہیں جو ان کی کئی مہینوں کی آمدن کے برابر ہے۔
اس کے علاوہ انہیں ہسپتال کی جانب سے چھ ماہ کے لیے علاج معالجے کی سہولت بھی مفت ملے گی۔
انڈین شہری اکبر شاہد نے 22 کلو وزن کم کر کے دوسری اور مصر کے رہائشی حاتم السافی نے 21 کلو وزن کم کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
انہیں بالترتیب 4400 اور 2100 درہم جیتے ہیں۔