ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کر دی جبکہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی رمضان المبارک میں مزید بارشوں بارے الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج اتوار سے شمالی علاقوں میں داخل ہو گا اور 16 مارچ تک برقرار رہے گا۔ موسمیات نے 9 سے 16 مارچ کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی ، چترال، مری، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
موسمیات کے مطابق 12 سے 16 مارچ کے دوران پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارش اور 14 اور 15 مارچ کو بلوچستان کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
اسلام آباد ، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے سڑکیں بند ہونے کا امکان ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کمشنرز و ڈپٹی کمشنر کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی جبکہ واسا، ریسکیو،محکمہ آبپاشی، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، جہلم، اٹک ، چکوال سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین، لاہور شیخوپورہ حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔