ٹیکنالوجی کے فروغ، ڈیجیٹل انقلاب میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، وزیراعظم

ٹیکنالوجی کے فروغ، ڈیجیٹل انقلاب میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، وزیراعظم

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے فروغ اور ڈیجیٹل انقلاب میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے۔ حکومت نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہواوے (Huawei) ٹیکنالوجیز کے ساتھ پاکستان کے تین لاکھ نوجوانوں کو آئی سی ٹی ٹریننگ کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس  ہوا۔ اجلاس میں ہواوے (Huawei) ٹیکنالوجیز کے وفد کے ارکان  نے  شرکت کی۔

اجلاس میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے اور آئی ٹی کے شعبے میں عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لئے مختلف اقدامات پر تبادلہء خیال کیا گیا۔ گزشتہ برس چین میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے ساتھ طے کئے گئے معاہدوں پر  عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ  ٹیکنالوجی کے فروغ اور ڈیجیٹل انقلاب میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، حکومت نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔

انہوں  نے کہا کہ   ہواوے کے آئی سی ٹی ٹریننگ پروگرام سے آئی ٹی برآمدات میں اضافے سمیت نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں مدد ملے گی۔

ہواوے ٹیکنالوجیز کے نمائندوں نے پاکستان میں جدید تربیتی پروگرام کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

  ہواوے ٹیکنالوجیز اس اقدام کے تحت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سائبر سیکورٹی، کلاﺅڈ کمپیوٹنگ اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں تربیت فراہم کرے گی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 3 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن تربیت فراہم کی جائے گی۔اس مقصد کے لئے آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم محمد شہباز شریف کریں گے۔

ہواوے ٹیکنالوجیز کی جانب سے اس وقت تک 20 ہزار 315 طلبہ کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ پروگرام کے تحت سٹوڈنٹس، ٹرینرز اور آئی سی ٹی ٹیکنالوجیز میں کام کرنے والوں کی اپ سکلنگ کی جا رہی ہے۔ ہواوے ٹیکنالوجیز جن ماسٹر ٹریننرز کو تربیت فراہم کرے گا وہ مقامی سطح پر نوجوانوں کو تربیت فراہم کریں گے۔

وزیراعظم  نے آئی ٹی ٹریننگ کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس کے علاوہ  وزیراعظم نے آئی  سی ٹی ٹریننگ پورٹل کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے تمام صوبوں  بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان تک اس منصوبے کو وسعت دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر ، چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

Watch Live Public News