(ویب ڈیسک) روس کے صدر پیوٹن نے ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارکباد کا پیغام بھیجا اور کہا کہ روس اسلامی جمہوریہ ایران کا قابلِ اعتماد شراکت دار رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔
کریملن کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پوٹن نے اپنے پیغام میں کہا “ایسے وقت میں جب ایران مسلح جارحیت کا سامنا کر رہا ہے، اس اعلیٰ عہدے پر آپ کی ذمہ داریاں یقیناً بہت حوصلہ اور لگن کی متقاضی ہوں گی۔ مجھے یقین ہے کہ آپ اپنے والد شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے مشن کو باوقار طریقے سے آگے بڑھائیں گے اور سخت آزمائشوں کے دوران ایرانی قوم کو متحد رکھیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا “ہم اپنی جانب سے تہران کے لیے غیر متزلزل حمایت اور اپنے ایرانی دوستوں کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔ روس ایران کا قابلِ اعتماد شراکت دار رہا ہے اور مستقبل میں بھی رہے گا۔”
واضح رہے کہ ایران کی مجلس خبرگان نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ علی خامنہ ای کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔