کراچی ( پبلک نیوز ) این اے 249 میں ہماری جیت سے غلط الزامات بے نقاب ہوگئے اور سچ سامنے آگیا ٗ پاکستان میں یومیہ 15 سے 20 افراد حالات سے تنگ آکر خود کشی کر رہے ہیں ٗ وزیر اعظم صاحب اپنی خیالی دنیا سے باہر آجائیں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ کیا کہ ’’پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان کو این اے 249 کی جیت کی مبارک باد ہو، دوبارہ گنتی میں ہماری برتری 900 ووٹوں سے زیادہ ہوگئی، غلط الزامات بے نقاب ہوگئے اور سچ سامنے آگیا، اہلیان کراچی نے سلیکٹڈ کو مسترد کرکے پی پی پی کو اپنی امیدوں کا محور بنایا۔مزید برآں ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں 30 فیصد اضافے کے ساتھ ساڑھے آٹھ کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر کے دہانے پر کھڑے ہیں، پاکستان میں یومیہ 15 سے 20 افراد خودکشی کرکے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کررہے ہیں۔وزیراعظم صاحب! اپنی خیالی دنیا سے باہر آئیں، پاکستان کے عام آدمی کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہوچکا، جب مہنگائی کی سالانہ شرح 14 فیصد سے تجاوز کرجائے گی تو عام آدمی آخر کیسے گزارا کرے گا؟ پاکستان میں دوائیں سوفیصد سے زائد مہنگی ہوچکی ہیں، غریب کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے، اشرافیہ کے لئے ایمنسٹی اسکیم اور غریبوں کے لئے لنگر خانے ٗوزیراعظم صاحب ایسے نہیں چلے گا۔عمران خان نے عام آدمی کی جیب سے 90 ارب روپے سے زائد نکالنے کیلئے ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، عید کے بعد صنعتی شعبے سے 20 فیصد ملازمین کو نوکریوں سے نکال دینے کے خدشے نے حقیقت کا روپ دھارا تو حالات اور خراب ہوجائیں گے، ملک کی تباہی کی وجہ کرپشن کو بتانے والے وزیراعظم صاحب! ملک اپ کی عوام دشمن سوچ کی بدولت معاشی لحاظ سے تباہ ہوچکا۔